نئی دہلی، یکم فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی حکومت نے بجٹ میں درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے فنڈ کو گزشتہ سال کے مقابلے میں 13560کروڑ روپے بڑھا دیا ہے۔حکومت سینئر سٹیزن کے لیے آدھار پرمبنی اسمارٹ کارڈا سکیم شروع کرے گی۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بدھ کو پارلیمنٹ میں عام بجٹ 2017-18پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے نفاذ پر خصوصی زور دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ 2017-18میں درج فہرست ذاتوں کے لیے بجٹ الاٹمنٹ 38833کروڑ روپے سے بڑھا کر 52393کروڑ روپے کیا گیا ہے جو پہلے کے مقابلہ میں تقریبا 35فیصد زیادہ ہے۔درج فہرست قبائل کے لیے الاٹمنٹ بڑھا کر 31920کروڑ روپے اور اقلیتوں کے لیے الاٹمنٹ 4195کروڑ روپے کیا گیا ہے۔حکومت نیتی آیوگ کی طرف سے ان علاقوں میں خرچ کی نتائج کی بنیاد پر نگرانی شروع کرے گی۔جیٹلی نے کہا کہ سینئر سٹیزن کے لیے آدھار پر مبنی اسمارٹ کارڈ شروع کئے جائیں گے، جن میں ان کی صحت سے متعلق تفصیلات درج ہوں گی ۔2017-18کے دوران 15اضلاع میں تجرباتی اسکیم کے ذریعے اس کی شروعات کی جائے گی۔ایل آئی سی ، سینئر سٹیزن کے لیے یقینی پنشن اسکیم نافذ کرے گی، جس میں 10سال تک سالانہ آٹھ فیصد ریٹرن ملنے کی گارنٹی ہو گی ۔